پنجاب حکومت کااسپتال عملے کے تمام افراد کو اعزازی تنخواہ دینے سے انکار

اپ ڈیٹ 10 جون 2020 09:57am
فائل فوٹو

لاہور:پنجاب حکومت نے اسپتال عملے کے تمام افراد کو اعزازی تنخواہ دینے سے انکار کردیا،اعزازی تنخواہ صرف کورونا وارڈز میں کام کرنے والے عملے کو ملے گی۔

حکومت پنجاب نے اسپتال عملے کے تمام افراد کو اعزازی تنخواہ دینے کی سفارش مسترد کردی۔

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ اعزازی تنخواہ صرف کورونا وارڈز میں کام کرنے والے عملے کو ملے گی۔

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر نے مراسلہ جاری کردیا،جس میں کہا گیا ہے کہ اسپتال کی او پی ڈیز اور دوسرے وارڈز میں کام کرنے والوں کو کورونا اعزازی تنخواہ نہیں دے سکتے، کیونکہ اسپتال کی او پی ڈیز اور دیگر وارڈز میں کام کرنے والے فرنٹ لائن ورکرز نہیں۔

 مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہر ماہ اعزازی تنخواہ صرف کورونا وارڈزاور آئی سی یو میں کام کرنے والے عملے کو ملے گی، کورونا کے مریضوں سے رابطے میں رہنے والا عملہ ہی صرف فرنٹ لائن ورکرز میں شامل ہوگا۔

مراسلے  میں سرکاری اسپتالوں سے کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری اسپتال کورونا وارڈز میں کام کرنے والے عملے کے نام فوری محکمے کو بھجوائیں، کورونا وارڈز میں کام کرنے والے عملے کو حکومت اعزازی تنخواہ جلد جاری کرے گی۔

واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے کورونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کیلئے ایک اضافی تنخواہ کا اعلان کیا تھا۔