سانحہ لاہور: ملک بھر میں سوگ کی فضاء برقرار
لاہور: گزشتہ روز لاہور دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد بہتر ہوگئی ہے ، تین سو سے زائد زخمی شہر کے مختلف اسپتالوںمیں زیر علاج ہیں ۔ جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے ،سانحہ کے باعث ملک بھر میں سوگ کی فضا ہے، دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر لیا گیا۔
اتوار کے روز لاہور کے گلشن اقبال پارک میں دہشت گردوں نے کمسن بچوں اور خواتین کو بھی نہ بخشا۔ تفریح کیلئے آنے والوں کا ایک ہجوم تھا کہ خوفناک دھماکا ہوگیا ۔
دھماکے کے بعد فضا زخمیوں کی چیخ و پکار سے بوجھل ہو گئی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی، بچے ماﺅں سے بچھڑ گئیں اور بیشتر افراد گر پڑے اور پیروں تلے کچلے گئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خود کش تھا، جو پارک کے گیٹ نمبر ایک پر کینٹین کے قریب ہوا،شدید زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی زخمی ہوئی۔
اسپتالوں کے باہر ہر کوئی اپنے پیاروں کو تلاش کرتا نظرآیا،دھماکے میں زخمی کئی افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
اُدھر سانحہ کیخلاف ملک بھر میں سوگ کی فضا ہے،لاہور میں تعلیمی ادارے، بازار اور مارکیٹیں بند ہیں۔خودکش دھماکے کا مقدمہ نامعلوم دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف درج کر لیا گیا ہے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔