اسلام آباد:ڈی چوک پرمذہبی جماعتوں کا دھرنا

شائع 28 مارچ 2016 08:36am

protest00000000000

اسلام آباد :اسلام آباد کے ڈی چوک پر مذہبی جماعتوں نے دھرنا دے دیا ہے،اہم عمارتوں کی سکیورٹی فوج نے سنبھال لی ہے جبکہ اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں پر رینجرز اور پولیس کو تعینات کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ایک بارپھر ڈی چوک آباد ہوگیا ہے جہاں گزشتہ روز سے مذہبی جماعتوں نے دھرنا دے رکھا ہے،اس بارکنٹینرنہیں بلکہ ٹرالرپراسٹیج بنایا گیا ہے ۔

دھرنے کے شرکا کو وزیراعظم سیکریٹریٹ جانے سے روکنے کے لئے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں ،اہم عمارتوں کی سکیورٹی فوج نے سنبھال لی ہے جبکہ اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں پر رینجرز اور پولیس کو تعینات کردیا گیا ہے ۔

صبح پارلیمنٹ لاجزمیں تعینات پولیس اہلکارشفٹ ختم کرنے کے بعد روانہ ہونے لگے تودھرنے میں شریک ڈنڈابردارمظاہرین نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان سے اسلحہ بھی چھین لیا۔ بعد میں مظاہرین کی جانب سے اسلحہ واپس کردیا گیا ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی تھیں اور سرکاری اور نجی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔