لاہور:گلشن اقبال پارک دھماکا، ہلاکتوں کی تعداد72ہوگئی
لاہور:لاہور کے علاقے گلشن اقبال پارک میں ہونیوالے دھماکے میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد بہتر ہوگئی ، دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز نے حاصل کرلی۔مبینہ خودکش حملہ آور کے اعضاء ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے بھجوا دیئے ہیں۔ حملہ آور کا خاکہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
لاہور گلشن اقبال پارک میں دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز نے حاصل کرلی ،فوٹیج میں دھماکے کے بعد کی صورتحال دیکھی جاسکتی ہے۔ خودکش دھماکے کے بعد تحقیقاتی اداروں نے تفتیش کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلا دیا ہے۔مبینہ خودکش بمبار کے اعضاء بھی ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے بھجوا دیئے گئے ہیں جبکہ اس کے رشتہ داروں کے بھی ٹیسٹ لئے جائیں گے۔
حساس ادارے کے ذرائع کے مطابق کارروائی ممکنہ طور پر پنجابی طالبان نے کی ہے کیونکہ گلشن اقبال دھماکے،واہگہ بارڈر دھماکے اور پولیس لائن دھماکوں میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ذرائع کے مطابق دھماکہ سی ٹی ڈی کی جانب سے لاہور اور گردونواح میں دہشت گردوں کیخلاف بڑی کارروائیوں کا ردعمل بھی ہوسکتے ہیں۔دھماکے کی ایف آئی آر سی ٹی ڈی تھانے میں خودکش بمبار اور اس کے تین ساتھیوں کیخلاف ایس ایچ او اقبال ٹاون نصراللہ خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں انسداد دہشت گردی،قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق خودکش دھماکے میں آٹھ سے دس کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جس میں بال بیرنگ اور کیل بھی شامل تھے۔ گلشن اقبال پارک میں ہونیوالے دھماکے میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد بہتر ہوگئی۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔