اسلام آباد:حکومت کے مظاہرین سے مذاکرات ناکام

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2016 05:50pm

protesters

اسلام آباد:اسلام آباد کے ریڈ زون میں مذہبی جماعتوں کا دھرنا جاری ہے، احتجاج ختم کرنے کیلئے حکومت کے مظاہرین سے مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکے۔ دارالحکومت میں کشیدگی کے پیش نظر پاک فوج کے دستے تعینات کردئیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں ڈی چوک پر مذہبی جماعتوں کا احتجاجی دھرنا جاری ہے۔حکومت نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے مذاکرات کئے تاہم یہ کوشش بے نتیجہ رہی۔سیکورٹی خدشات کے باعث ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا۔اہم مقامات اور عمارتوں کی سیکورٹی پر پاک فوج کے دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں۔پولیس کی تازہ دم فورس پریڈ گراوٴنڈ کے اطراف تعینات کر دی گئی ہے۔

سیکورٹی انتظامات کے باعث مختلف مقامات پر ٹریفک جام ہے۔پولیس نے میریٹ ہوٹل، ریڈیو پاکستان، سرینا ہوٹل اور جناح ایونیو پر ناکہ بندی کی ہوئی ہے۔دھرنے کے شرکاء کی گرفتاریوں کا عمل بھی جاری ہے۔اب تک تین سو سے زائد افراد کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں موبائل فون سروس معطل اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔گزشتہ روز بھی مشتعل مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں ہوئیں۔