سپریم کورٹ :نیب کی تحقیقات میں تاخیر پر رپورٹ طلب
اسلام آباد:سپریم کورٹ نے نیب سے زیر التواء مقدمات ،انکوائریوں اور تفتیش میں تاخیر کی وجوہات سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ کیا نیب کے ہاتھ پاوٴں بندھے ہیں۔
بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں بدعنوانیوں اور غیر قانونی بھرتیوں کیخلاف کیس کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے پیش ہو کر بتایا کہ نیب میں اس وقت چھ سو تیرہ انکوائریاں اور تین سو پچیس مقدمات کی تفتیش زیر التواء ہے۔ جسٹس گلزار نے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری سے استفسار کیا کہ اشرف مگسی کیس میں نیب چارسال سے تحقیقات کر رہا ہے، مزید کتنا وقت لگے گا۔
چیئرمین نیب نے بتایا کہ اشرف مگسی کبھی نیب کی تحقیقات میں شامل نہیں ہوا۔ بلوچستان ہائیکورٹ نے اشرف مگسی کے حق میں حکم امتناعی دیا۔ جس کے باعث تحقیقات سست روی کا شکار ہوئیں۔ جسٹس گلزا راحمد نے کہا کہ کیا نیب کے ہاتھ پاوٴں بندھے ہوئے ہیں؟ کوئی نہیں آتا تو نیب خود تحقیقات کرے۔ عدالت نے چیئرمین نیب کا جواب غیر تسلی بخش قراردیتے ہوئے نیب میں زیر التواء مقدمات ،انکوائریوں اور تفتیش میں تاخیر کی وجوہات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ طلب کر لی اورکیس کی سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کردی۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔