لاہورہائیکورٹ کاتمام بچوں کو ماں کےحوالےکرنےکاحکم

شائع 11 اپريل 2016 08:11am

lah-court-hc

لاہور:لاہورہائیکورٹ نے پانچ بچوں کے حوالگی کیس میں تمام بچوں کو والد سے لے کر ماں کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا ۔بچے والدکے ساتھ جانے کی دہائی دیتے رہے۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس ارم سجاد گل نے پانچ بچوں کی حوالگی کیس کی سماعت کی،درخواست گزار شیخوپورہ کی رہائشی خاتون سلمٰی بی بی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس کے خاوند نے گھریلو جھگڑے پر اسے گھر سے نکال دیا تھا،جس کے بعد اس کے خاوند نے دوسری شادی کر لی۔

کوشش کے باوجود خاوند بچوں کو حوالے نہیں کر رہا،عدالت بچوں کو حوالے کرنے کے احکامات جاری کرے،عدالت نے دلا ئل سننے کے بعد چھ سالہ نشاء ،پانچ سالہ مصباح،چار سالہ قاسم،دو سالہ اویس اور چار ماہ کے زین کو ماں کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

کمرہ عدالت سے باہر بچوں نے ماں کے ساتھ جانے سے انکار کرتے ہوئے رونا شروع کر دیا،ماں بچوں کو لے کر احاطہ عدالت سے چلی گئی۔