سپریم کورٹ:پاناماپیپرزکی تحقیقات کیلئے تمام درخواستوں پر اعتراضات ختم

اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2016 10:11am
درخواستوں کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کھلی عدالت میں ہو گا - فائل فوٹو درخواستوں کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کھلی عدالت میں ہو گا - فائل فوٹو

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے پاناما پیپرز کی تحقیقات کے لئے تحریک انصاف سمیت تمام درخواستوں پر رجسٹرار کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے انہیں سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیدیا ۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے پاناما پیپرز کی تحقیقات کے لیے دائر درخواستوں پر رجسٹرار کے اعتراضات سے متعلق ان چیمبر سماعت کی ۔

 چیف جسٹس نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد تحریک انصاف اور جماعت اسلامی سمیت دیگر چار درخواستوں پر رجسٹرار کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات کو ختم کرتے ہوئے درخواستوں کو سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم دیدیا ۔

اب درخواستوں کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کھلی عدالت میں ہو گا۔

تحریک انصاف کے وکیل حامد خان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  تحریری طور پر دلائل دیئے ہیں،عدالت نے اعتراضات مسترد کردیئے۔

 جماعت اسلامی اور تحریک انصاف سمیت 4 جماعتوں نے پاناما پیپرز کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں آئینی درخواستیں دائرکررکھی ہیں،درخواستوں کی سماعت 3 رکنی بینچ کرے گا۔