چوری کا سامان برآمد ہونے پرملزم کو رہا کردیا جائے،چیف جسٹس

شائع 28 ستمبر 2016 09:50am
فائل فوٹو فائل فوٹو

سپریم کورٹ میں نیب پلی بارگین ازخود نوٹس کیس کی سماعت میں چیف جسٹس انورظہرجمالی کہتے ہیں کہ چوری کا سامان برآمد ہونے پرملزم کوشکریہ کیساتھ رہا کردیا جائے۔

سپریم کورٹ میں نیب آرڈیننس کی سکیشن پچیس کے تحت پلی بارگین سے متعلق ازخودنوٹس کیس کی سماعت ہوئی، اٹارنی جنرل کی عدم حاضری پرعدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

 ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کوبتایا کہ اٹارنی جنرل ملک سے باہرہیں۔

 جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ ایسا کریں کہ اٹارنی جنرل کو مستقل طورپرملک سے باہرہی رکھیں، جن اہم مقدمات میں اٹارنی جنرل کی ضرورت ہووہ کیس ہی نہ چل سکیں ۔

 جسٹس امیرہانی مسلم نے رضا کارانہ طورپر رقم واپس کرنے والے ملزمان کی پلی بارگین پر سوال اٹھایا ۔

جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ چوری کا سامان برآمد ہونے پرملزم کوشکریہ کیساتھ رہا کردیا جائے، اسی طرح تو ملک کی جیلیں خالی ہوں گی  ۔

 ڈپٹی اٹارنی جنرل نے صوبوں کی رپورٹ پیش کرنے کیلئے مہلت کی درخواست کی۔

  سپریم کورٹ نے درخواست منظورکرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 24 اکتوبرتک ملتوی کردی۔