عمران خان کی احتجاج کی نئی تاریخ کی دھمکی

شائع 28 ستمبر 2016 02:26pm
File Photo File Photo

لاہور:پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم کی نا اہلی کے کیس کی شنوائی میں تاخیری حربے استعمال کئے گئے تو وہ بھی احتجاج کی ایک نئی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

لاہور میں رائیونڈ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے سپریم کورٹ کی طرف سے وزیراعظم کے خلاف ریفرنس کو قابل سماعت قرار دینے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر داخلہ سپریم کورٹ کو سیکیورٹی فراہم کرے۔ یہ نہ ہو کہ مقدمے کی سماعت کے موقعے پر ڈنڈا بردار فورس ایک قانونی ادارے کا تقدس بھول جائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا احتجاج طاقتور طبقے کے خلاف ملک کے بہتر مستبقل کی خاطر ایک جنگ ہے۔ انصاف کیلئے احتجاج کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں۔ ادارے انصاف دینے کے بجائے مجرموں کو تحفظ دے رہے ہیں۔

کاشتکاروں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ تیس ستمبر کو کسانوں کے حقوق سے متعلق بھر پور صدائے احتجاج بلند کی جائے گی۔