پاکستان آرمی دنیا کی انتہائی پیشہ ورفوج ہے،جنرل راحیل

شائع 29 ستمبر 2016 11:31am
فائل فوٹو فائل فوٹو

ایبٹ آباد:آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاکستان کے ازلی دشمنوں پرواضح کردیا ہے کہ پاکستان آرمی دنیا کی انتہائی پیشہ ور اور جنگ کیلئے لڑاکا و سخت جان فوج ہے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جسمانی مشق اور لڑاکا مہارتوں پرمبنی چوتھے چیف آف آرمی سٹاف مقابلوں دیکھنے ایبٹ آباد پہنچے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اِس موقع پر خطاب میں جسمانی چستی اور پیشہ وارانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کے حصول پرمقابلوں کے شرکاء اورتربیت کاروں کو مبارکباد دی۔

سپہ سالار نے کہا کہ پاکستانی فوج کا یہ اعلی ترین معیاربہترین جسمانی چستی اور پیشہ ورارانہ صلاحیتوں کی بدولت ہے اور ہمارے افسران اور جوان مشکل سے مشکل چیلنجز سے نمٹنا خوب جانتے ہیں۔

 اس موقع پر آرمی چیف نے مقابلوں میں کامیاب شرکاء میں اعزازات تقسیم کیے، مقابلوں میں 22 ریجمنٹل سینٹرز کے 406شرکاء نے حصہ لیا۔

سپاہی شیراز خان نے 30 منٹ میں 1214 پش اپس، سپاہی جمشید خان نے 68 چن اپس اور سپاہی اکمل حسین نے 2134 سٹ اپس لگا کر مقابلوں میں پہلی پہلی پوزیشنز حاصل کیں جبکہ سپاہی محمد آصف کو2474 پوانٹس کیساتھ سب سے زیادہ چست اور پھرتیلا جوان قرار دیا گیا۔