Aaj Logo

اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2019 02:16pm

”میرا نہیں خیال عمران خان مودی سے مصافحہ بھی کریں گے“

نیویارک:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ میرا نہیں خیال وزیراعظم عمران خان بھارتی وزیراعظم نریندر مودی  سے مصافحہ بھی کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج نیوز سے خصوصی بات چیت  کرتے ہوئے کہا کہ  وزیراعظم عمران خان اور بھارتی ہم منصب نریندری مودی دونوں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ہیں،پاک بھارت وزرائے اعظم کا دورہ نیویارک میں آمنا سامنا ہوسکتا ہے لیکن مجھے نہیں لگتا  اس وقت عمران خان جس ذہنی کیفیت میں  آئیں ہیں وہ مودی سے ملنا بھی چاہیں گے یا ان سے مصافحہ کرنا چاہیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  مودی ایک جلاد ہے جس نے مقبوضہ کشمیر میں قیامت برپا کی ہوئی ہے، مقبوضہ کشمیر کے حالات کے بعد اب ملاقات بے سود ثابت ہوگی،  مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے،  آج دنیا کو سوچنا ہے کہ اس بحران سے کس طرح نکلنا ہے،  نریندر مودی کے جارحانہ اقدامات پر بھارت سے بھی اوازیں اٹھ رہی ہیں۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ  سعودی عرب اہم ملک ہے اور پاکستان کا قریبی دوست ہے،  سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے،  سعودی عرب نے حال ہی میں جو ریلیف دیا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  دورہ نیویارک سے قبل سعودی عرب کا دورہ بہت ضروری تھا،  سعودی عرب پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

Read Comments