Aaj Logo

اپ ڈیٹ 22 جنوری 2020 10:58am

پارک لین ریفرنس:آصف زرداری اور دیگر ملزمان پر فردجرم کی کارروائی مؤخر

اسلام آباد :احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری اور دیگر ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی مؤخرکردی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے  جج محمد اعظم خان نے پارک لین اورمیگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی ، رکن سندھ اسمبلی فریال تالپورسمیت دیگرملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سابق صدرآصف زرداری اور انور مجید پیش نہ ہوئے۔

علالت کے باعث سابق صدرآصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی ۔

جج اعظم خان نے استفسارکیا کہ آج فرد جرم عائد کی جانی ہے ، شریک ملزم انورمجید کہاں ہیں؟ ۔

وکیل نے انور مجید کراچی کے اسپتال میں زیرعلاج ہونے کا مؤقف اپنایا تو نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کی ۔

 فاروق ایچ نائیک نے عبوری ریفرنس پرفرد جرم عائد کرنے پراعتراض کرتے ہوئے بتایاکہ پارک لین ریفرنس میں فریال تالپور نامزد نہیں ۔

 نیب نے کہا کہ نامزد ملزمان کی حد تک تفتیش مکمل ہونے پرتو ریفرنس فائل کیا،فرد جرم عائد کرنے سے متعلق قانون موجود ہے۔

 جج احتساب عدالت اعظم خان نے پوچھا کہ کیا ضمنی ریفرنس آنے پردوبارہ فرد جرم عائد کی جائے گی؟ ۔

وکیل صفائی نے سپلیمنٹری ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کی استدعا کی ،جس پر عدالت نے ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کا حکم دیا۔

 عدالت نے سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخرکرتے ہوئے سماعت 11فروری تک ملتوی کردی۔

Read Comments