Aaj Logo

اپ ڈیٹ 27 فروری 2020 06:40am

کوروناوائرس:سعودی عرب نےعمرہ زائرین پر عارضی پابندی عائدکردی

سعودی عرب نے کورونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کے عمرہ زائرین پر عارضی پابندی عائد کردی ہے،پابندی والے ملکوں میں پاکستان بھی شامل ہے، خلیجی ممالک کے شہریوں کا داخلہ بھی روک دیا گیا ہے، ایسےتمام افرادکا داخلہ بھی بندکردیا گیا ہے ،جوگزشتہ 15دن میں چین کا سفر کرچکے ہیں۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سعودی عرب نے اقدامات اٹھاتےہوئےمتاثرہ ملکوں کے عمرہ زائرین پر پابندی عائد کردی۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ٹوئٹر پر بتایا کہ متاثرہ ملکوں کے شہریوں پرمدینہ میں مسجد نبوی کی زیارت پر عارضی پابندی لگائی گئی ہے۔

پابندی والے ملکوں میں تمام متاثرہ ملکوں سمیت پاکستان اور خلیجی ممالک شامل ہیں،متاثرہ ملکوں کے شہری سیاحتی ویزے پر بھی سعودی عرب میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔

سعودی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ ایسے ممالک کا دورہ نہ کریں جہاں کورونا وائرس  پھیل رہا ہے۔

سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری اور سرحدی چوکیوں پر کورونا وائرس کا پتا لگانے اورمتاثرین کے علاج کیلئےسینٹرز بھی قائم کیے ہیں۔

Read Comments