Aaj Logo

شائع 26 مارچ 2020 04:07pm

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، اہم فیصلوں کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کےلئے پانچ ارب روپے کے ایمرجنسی فنڈز اور کے الیکٹرک صارفین کےلئے ٹیرف میں اضافے سمیت متعدد فیصلوں کی منظوری دےدی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کےلئے ایمرجنسی فنڈز کی سمری کی منظوری دی گئی۔جس کے تحت این ڈی ایم اے کو 5 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ یہ فنڈز لاجسٹک اور ضروری بنیادی سامان کےلئے فوری فراہم کیے جائیں گے۔

کمیٹی نے کے الیکٹرک صارفین کےلئے بجلی ٹیرف میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ٹیرف کی منظوری دی۔ مختلف کیٹگریز کےلئے ٹیرف ایڈجسٹمنٹ ایک روپے 9 پیسے سے 2 روپے 89 پیسے کلو واٹ بڑھائی گئی۔فیصلے کے تحت بجلی ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفکیشن تین ماہ بعد جاری ہوگا۔

 اجلاس میں فاٹا میں نادرا منصوبہ کے لئے 5 لاکھ 32 ہزار ڈالر کے مساوی ضمنی گرانٹ منظوردی گئی۔

اجلاس میں پائیدار ترقی کے اہداف کے پروگرام کےلئے ساڑھے پانچ ارب روپے، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کےلئے 27 کروڑ پچاس لاکھ روپے کی ضمنی گرانٹ منظوردی گئی۔

ای سی سی نے نیشنل الیکٹرک وہیکلز پالیسی کے مراعاتی پیکیج پر کمیٹی قائم کر دی ہے جو ایک ماہ میں جامع سفارشات مرتب کرے گی۔

کمیٹی میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن پیٹرولیم حکام اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ روپے کی قدر میں کمی سے پی ایس او اور تیل کمپنیوں کو خسارے کے معاملہ پر مہلت مانگ لی گئی۔

Read Comments