Aaj Logo

اپ ڈیٹ 31 مئ 2020 04:26am

کورونا وائرس کاپھیلاؤ روکنے کے لئے پر ہجوم مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفرمرزا نےکہاہے کہ کورونا وائرس سے بچنےکےلئےپرہجوم مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے ہفتہ کی سہ پہر اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وباء سے متاثرہ مریضوں اور اموات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے تناظر میں حکومت کے پاس اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہےکہ مساجد،بازاروں، خریداری کے مراکز، پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگرپرہجوم مقامات پر ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا جائے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کےلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں۔

ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا کہ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سےصحت کےعملےکےچار کارکنوں سمیت 78 افرادجاں بحق ہوئے ہیں جو پاکستان میں ایک دن میں جاں بحق ہونے والوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کےخلاف جنگ میں معالجین صف اول کےسپاہی ہیں اور حکومت نے 'وی کیئر' پروگرام کے تحت معالجین کی صحت کے تحفظ کےلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔

قومی سلامتی کے معاون خصوصی معید یوسف نے اس موقع پر کہا کہ ہم کورونا وائرس پھیلنے کے بعد55 سے زائد ممالک سے 33 ہزار پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لائے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ ماہ کی یکم سے دس تاریخ تک مزید 20 ہزار بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔

معید یوسف نے کہا کہ خلیجی ممالک میں مزدوروں کو سہولتیں فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری ہوابازی کے ادارے نے صحت اور معیشت کے درمیان توازن قائم رکھنے کے پیش نظر بیرون ملک جانے والی پروازیں بحال کر دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو سہولتوں کی فراہمی کےلئےجلد ہی جامع پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نےزمینی سرحدوں کےحوالےسےگفتگو کرتےہوئےکہا کہ چین اور بھارت کےساتھ ہماری سرحدیں بند ہیں جبکہ ہفتے میں چھ دنوں کےلئے طورخم اور چمن سرحد پر سامان کی منتقلی کی اجازت دی گئی ہے۔

Read Comments