Aaj Logo

اپ ڈیٹ 22 جون 2020 11:04pm

تین اسرائیلی طیارے تباہ کرنے والے پاکستان فضائیہ کے پائلٹ چل بسے

تین اسرائیلی طیارے تباہ کرنے والے پاکستان ایئر فورس کے سابق پائلٹ سیف الاعظم 80 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، ان کا انتقال اتوار کو بنگلہ دیش کے درالحکومت ڈھاکہ میں ہوا۔

بنگلا دیشی خبر رساں ادارے 'ڈھاکہ ٹریبون' کی ایک رپورٹ کے مطابق سیف الاعظم گزشتہ کافی عرصے سے علیل تھے اور ڈھاکہ کے کمبائنڈ ملٹری اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

لیجنڈ پائلٹ 2 مرتبہ سول ایوی ایشن اتھارٹی بنگلہ دیش کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں، وہ 4 مختلف فضائی افواج (پاکستان، اردن، عراق اور بنگلہ دیش) کیلئے خدمات انجام دینے والے واحد لڑاکا پائلٹ ہیں۔

اتوار اور پیر کی درمیانی شب کو خالق حقیقی سے جا ملنے والے سیف الاعظم 1941 میں بنگلہ دیش کے شہر پبنا میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1960 سے 1971 تک پاکستان فضائیہ میں خدمات انجام دیں۔

بنگلہ دیش کے قیام کے بعد انہوں نے بنگلہ دیش ایئر فورس میں 1979 تک خدمات انجام دیں۔

Read Comments