Aaj Logo

شائع 15 جولائ 2020 01:33pm

حمز ہ شہباز کیخلاف نیب ریفرنس جلد از جلد دائر کرنے کا حکم

لاہور :احتساب عدالت نے نیب کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کیخلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس جلد ازجلد دائر کرنے کا حکم دے دیا جبکہ حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 جولائی تک توسیع کردی گئی۔

لاہور کی احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی،جیل حکام نے سخت سیکیورٹی میں حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ایک سال گزر گیا ریفرنس کیوں نہیں دائر کیا جارہا،جس پر نیب کے وکیل نے بتایا کہ تحقیقات حتمی مراحل میں داخل ہیں جلد ریفرنس دائر کردیں گے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے تحقیقات بھی کرنی ہیں تاہم وہ ضمانت پر ہیں اس لئے ان سے تحقیقات نہیں ہو پا رہیں۔

حمزہ شہباز کے وکیل نے کہا کہ نیب نے ان کے مؤکل کو ایک سال سے بغیر ریفرنس کے جیل میں قید کر رکھا ہے، کیس کے دیگر ملزمان پیش نہیں ہو رہے لہذا آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش نہ ہونے کی اجازت دی جائے۔

عدالت نے نیب کو ریفرنس جلد دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28جولائی تک توسیع کر دی۔

Read Comments