Aaj Logo

شائع 30 جولائ 2020 09:45pm

پی سی بی نے جاوید مرتضیٰ کو چیف فنانشل آفیسر مقرر کردیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے جاوید مرتضیٰ کو نیا چیف فنانشل آفیسر مقرر کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والے جاوید مرتضیٰ کی تعیناتی کی منظوری بی او جی نے جمعرات کو ایک سرکلرقر ارداد کے ذریعے دی۔

-30 سالہ ملازمت کا تجربہ رکھنے والے جاوید مرتضیٰ ایک معروف فنانس پروفیشنل ہیں جن کے پاس کمرشل آپریشنز، فنانشل پلاننگ اینڈ اینالسز، کارپوریٹ فنانس، فنانشل اینڈ مینیجریل اکاؤنٹنٹگ، انٹرنل اور ایکسٹرنل آڈٹس، بین الاقوامی ٹیکسیشن اور ای آر پی امپلیمنٹیشن کا وسیع تجربہ موجود ہے۔

جاوید مرتضیٰ پاکستان، انگلینڈ اینڈ ویلز میں انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے رکن اور ورجنینیا اسٹیٹ بورڈ آف اکاؤنٹنٹسی امریکہ کے سرٹیفائیڈ پبلک اکاؤنٹنٹ بھی ہیں۔

انہوں نے امریکہ سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کررکھی ہے۔

وہ ٹورنٹو اور سنگاپور میں کے پی ایم جی کیلئے جبکہ لندن میں ایرنسٹ اینڈ ینگ کیلئے خدمات ادا کرچکے ہیں۔ ان کی آخری ملازمت پاکستان میں کام کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنی کے فنانشل پلاننگ اینڈ اینالسز کے سربراہ کی حیثیت سے تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا کہ وہ جاوید مرتضیٰ کو پی سی بی فیملی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جاوید مرتضیٰ اپنے ہمراہ جو تجربہ لارہے ہیں اس سے ادارے کے معاشی معاملات، شفافیت اور گورننس کے نظام میں بہتری آئے گی۔

جاوید مرتضیٰ 3 اگست بروز پیر سے اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

Read Comments