Aaj Logo

شائع 06 اگست 2020 02:45pm

پاکستان کی بھارت کو ایک بار پھر کلبھوشن کیلئے وکیل کرنے کی پیشکش

اسلام آباد:پاکستان نے بھارت کو ایک بار پھر بھارتی جاسوس کمانڈ رکلبھوشن یادیوکیلئے وکیل کرنے کی پیشکش کردی۔

ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وارمیڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق بھارت سے سفارتی رابطہ کیا ہےتاہم جواب نہیں دیا، جاسوس کلبھوشن کیلئے وکیل کرنے کیلئے پھر بھارت کو پیشکش کی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے حالیہ سیاسی نقشے کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے متعلق مؤقف نہیں بدلا ، پاکستانی سیاسی نقشے نے گزشتہ برس جاری ہونے والے بھارتی نقشے کی نفی کی جب کہ پاکستان اپنے سیاسی نقشے کے اجراء پر بھارت کے بیان کو مسترد کرتا ہے۔

عائشہ فاروقی نے مزید کہا کہ پاکستان او آئی سی کابانی رکن ہے،ہمارے او آئی سی ممالک سے قریبی تعلقات ہیں،5اگست 2019 سے پاکستان نے کشمیر پر او آئی سی کے ساتھ 3 اجلاس کئے،پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے چاہتا ہے،او آئی سی سے بہت توقعات ہیں، چاہتے ہیں او آئی سی مسئلہ کشمیر پر قائدانہ کردارادا کرے۔

ترجمان دفترخارجہ نے افغان فورسزکی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کیلئے پرعزم ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکوں میں ایک پاکستانی بچے کے شہید ہونے کی بھی تصدیق کی۔

Read Comments