Aaj Logo

شائع 21 ستمبر 2020 01:45pm

سپریم کورٹ نے فرد جرم کے بعد نیب کی گرفتاری پر سوالات اٹھا دیئے

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے کرپشن کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران فرد جرم کے بعد نیب کی گرفتاری پر سوالات اٹھا دیئے ۔

جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے کرپشن کیس کے ملزم ندیم قادر کھوکھر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

ملزم کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ مؤکل مختار کار ہے احتساب عدالت میں فرد جرم عائد ہو چکی،عدالت میں بھی پیش ہو رہا ہے۔

جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے کہ تحقیقات مکمل،ریفرنس دائر اور فرد جرم عائد ہو چکی ہے، ملزم ٹرائل کا سامنا کر رہا ہے تو گرفتاری کیوں چاہیئے،عدالت کو مطمئن کریں،کیا صرف اس لئے کہ نیب کے پاس گرفتاری کا اختیار ہے۔

نیب کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ یہ اصول مان لیا جائے تو سب ملزمان کو ضمانت مل جائے گی۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے اس نقطے پر عدالت کی معاونت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ملزم ندیم قادر کھوکھر کو عبوری ضمانت پر رہا کردیا۔

Read Comments