Aaj Logo

شائع 22 ستمبر 2020 10:40pm

'پاکستانی فوج چیلنجز اور علاقائی خطرات سے آگاہ ہے'

بری فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج چیلنجز اور علاقائی خطرات سے آگاہ ہے اورمادر وطن کے دفاع کےلئے داخلی اور خارجی مسائل پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے منگل کے روزجہلم کے قریب فیلڈ فائرنگ رینج کے دورے کے دوران کیا جہاں وہ چینی ساختہ جدید ترین ٹینک VT-4 کا مظاہرہ دیکھنے کےلئے گئے تھے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان ملک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سا لمیت کو لاحق تمام خطرات کا بھرپور جواب دینے کےلئے تیار ہے۔

قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس جدید ٹینک کی پاک فوج میں شمولیت سے حملہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

وی ٹی 4 ٹینک دنیا بھر کے کسی بھی جدید ٹینک کامقابلہ کرسکتا ہے جو مربوط تحفظ، جدید ترین جنگی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کا حامل ہے۔

بری فوج کے سربراہ نے افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے VT-4 ٹینک کی کارکردگی کے مظاہر ے پر اطمینان ظاہر کیا جو کہ ملک میں تیار کیے گئے الخالد اول ٹینک کی حالیہ شمولیت کے بعد پاک فوج میں ایک اور اہم اضافہ ہے۔

بری فوج کے سربراہ نے جدید دور کی جنگی ضروریات کے تقاضوں سے عہدہ برآ ہونے کےلئے پیشہ ورانہ مہارت،ہمہ وقت تیاری اور تربیت کے اعلیٰ معیار پرجوانوں کی تعریف کی۔

ریڈیو پاکستان

Read Comments