Aaj Logo

شائع 19 نومبر 2020 09:27am

ٹک ٹاک کا نیا فیچر، والدین کو ایپ کنٹرول کرنے کا اختیار دیدیا گیا

ٹک ٹاک نے والدین کی سہولت کیلئے ایک ایسا کارآمد فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کی بدولت بچے اپنے والدین کی مرضی کے بغیر کوئی چیز شیئر نہیں کر سکیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کی سب سے مشہور ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کی جانب سے پیش کئے گئے اس نئے فیچر میں والدین کو یہ سہولت میسر کی گئی ہے وہ اس ایپ کی ناصرف سرچز اور سیٹنگز کو تبدیل کر سکیں گے بلکہ ان کی اجازت کے بغیر کوئی اجنبی پوسٹس بھی نہیں دیکھ سکے گا۔ بچے اپنے والدین کو بتائے بغیر ان کو کسی صورت تبدیل نہیں کر سکیں گے۔

چینی ایپ ٹک ٹاک کی جانب سے یہ اقدام برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی جانب سے اٹھائے جانے والے اعتراض کے بعد کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ٹک ٹاک کا شمار دنیا میں سے سب سے زیادہ ڈائون لوڈ اور دیکھی جانے والی ویڈیو شیئرنگ ایپ میں ہوتا ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر کے نوجوان اس کے سحر میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ یہ موبائل ایپ دوسروں تک اپنا فن اور دیگر فنکارانہ صلاحیتیں پہنچانے کا سب سے آسان ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔ ایک انداز ے کے مطابق دنیا بھر میں مقبول اس ویڈیو شیئرنگ ایپ کو اربوں مرتبہ ڈائون لوڈ کیا جا چکا ہے۔ چینی ویڈیو شیئرنگ ایپ نے راتوں رات نوجوانوں کو سٹار بنا دیا ہے۔ ان نوجوانوں کے لاکھوں فالورز ان کی ویڈیوز کو پسند کرتے ہیں۔

دوسری طرف ٹک ٹاک ایپ کی وجہ سے غیر اخلاقی مواد شیئر کرنے کے واقعات بھی سامنے آئے جس کا پاکستان میں ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے نوٹس لیا اور اس پر عارضی پابندی عائد کر دی تھی۔ اس کے علاوہ بھارت اور امریکا میں بھی اس ایپ پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

Read Comments