Aaj Logo

شائع 30 نومبر 2020 11:44pm

'او آئی سی میں کشمیر کے متعلق قرارداد کی متفقہ منظوری پاکستان کی فتح ہے'

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کی جانب سے کشمیر سے متعلق قرارداد کی متفقہ منظوری پاکستان کی فتح ہے۔

پیر کوجاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے 57 رکن ممالک بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پاکستان کے موقف کو تسلیم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے پہلے جھوٹا پروپیگنڈہ کیا گیا کہ کشمیر اجلاس کے ایجنڈے پر نہیں ہے۔ اگر ایسا تھا تو پھر اسلامی تعاون تنظیم نے کشمیر کے بارے میں قرارداد کیسے منظور کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا آئندہ اجلاس پاکستان میں ہوگا۔

متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمارے برادر ملک کے ساتھ شاندار اور مضبوط تعلقات قائم ہیں۔

ریڈیو پاکستان

Read Comments