Aaj Logo

شائع 28 اپريل 2021 11:04pm

لاہور: لیگی رہنما جاوید لطیف کا جسمانی ریمانڈ منظور

لاہور کی مقامی عدالت نے ریاست مخالف بیانات کے مقدمے میں گرفتار لیگی رہنما جاوید لطیف کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا- جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے گرفتاری کیخلاف درخواست پر آئی جی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا-

لیگی رہنما جاوید لطیف کو جوڈیشل مجسٹریٹ صابر حسین کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

جاوید لطیف کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف کے ایک کارکن نے پولیس کے ساتھ مل کر سیاسی انتقام کیلئے مقدمہ درج کروایا۔ جبکہ حکومت نے اور نہ ہی پیمرا نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا کہا۔

مدعی کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ ان کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہے وہ صرف محب وطن پاکستانی ہے، جاوید لطیف نے سقوط ڈھاکہ کی بات کی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ پراسیکیوشن کی جانب سے جاوید لطیف کا فوٹو گرامٹک ٹیسٹ کرانے کی استدعا پر عدالت نے جاوید لطیف کا پانچ روز کا جسمانی منظور کر لیا۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں قومی اسمبلی کے سیشن کے دوران گرفتاری کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد آئی جی پنجاب پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29 اپریل کو جواب طلب کیا ہے-

Read Comments