Aaj Logo

شائع 18 اکتوبر 2021 08:55pm

چینی کی مہنگی داموں فروخت، مسابقتی کمیشن کے نوٹسز پر عملدرآمد روک دیا گیا

لاہور ہائیکورٹ نے شوگر ملز مالکان کو مہنگے داموں چینی فروخت کرنے پر مسابقتی کمیشن کے بھجوائے گئے جرمانے کے نوٹسز پر عمل درآمد روک دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین سمیت دیگر شوگر ملز کی درخواستوں پر سماعت کی۔

درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ مسابقتی کمیشن نے قواعد سے ہٹ کر جرمانے کے نوٹسز جاری کئے، جن کی قانونی طور پر کوئی حیثیت نہیں۔

وکلا کے مطابق مسابقتی کمیشن کے ارکان میں بھی اس معاملے پر اتفاق نہیں ہے، ایسی صورتحال میں جرمانے کے نوٹسز جاری نہیں کئے جاسکتے۔

وکلا نے استدعا کی کہ شوگر ملز کو مہنگے داموں چینی فروخت کرنے پر جرمانے کے نوٹسز کو کالعدم قرار دیا جائے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ اس نوعیت کی دیگر درخواستیں جسٹس شاہد کریم کی عدالت میں زیر سماعت ہیں لہذا یہ کیس بھی وہیں بھجوایا جاٸے۔

عدالت نے مسابقتی کمیشن کے نوٹسز پر عملدرآمد روکتے ہوٸے درخواست مزید سماعت کیلئے جسٹس شاہد کریم کو بھجوا دی۔

دوسری جانب جے ڈی ڈبلیو شوگر مل یونٹ نمبر ایک رحیم یار خان سے غیر قانونی طور پر چینی کی کوئٹہ منتقلی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔

محکمہ خوراک کے مطابق 9 سو من چینی غیر قانونی طور پر کوئٹہ منتقل کی جارہی تھی، محکمہ کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹرک کو چاچڑاں ٹول پلازہ کے مقام پر پر تحویل میں لے لیا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں جس میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔

Read Comments