Aaj Logo

شائع 03 اگست 2022 11:58am

فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ثبوت کیساتھ، ہمارے لیے جے آئی ٹی واٹس ایپ پر بنی تھی

سابق وزیرِاعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ مکمل ثبوت کے ساتھ سامنے آیا مگر ہمارے زمانے میں واٹس ایپ پر جے آئی ٹی بنی تھی۔

گذشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کے بیان حلفی کو غلط قراردیتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کیا اور قراردیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف پر ممنوعہ فنڈز لینا ثابت ہوتا ہے۔

اس کیس کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے لندن میں موجود سابق وزیراعظم نواز شریف نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ’فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آٹھ سالوں کے بعد مکمل ثبوت اور حقائق کے ساتھ سامنے آیا ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ فیصلہ ایسے نہیں جیسے ہمارے زمانے میں واٹس ایپ پر جے آئی ٹی بن گئی تھی، جس نے فٹا فٹ اپنی جعلی رپورٹ جمع کروا دی۔

انہوں نے سابق وزیرِاعظم عمران خان پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو درس دیتا تھا پوری قوم کو کہ میں ایماندار ہوں، چوری نہیں کرتا آج عمران خان کی سب سی بڑی چوری اورمنی لانڈرنگ ثابت ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ چند دن پہلے کہتے تھے کہ تھوڑی سی منی لانڈرنگ کرلی تو کیا ہوا، ان کو پتا تھا انہوں نے سب سے بڑی منی لانڈرنگ کی ہوئی ہے۔

نواز شریف نے واضح کہا عمران خان کو نظر آرہا تھا کہ فیصلے میں سب کچھ سامنے آئے گا لیکن الیکشن کمیشن کی آٹھ سالہ جدوجہد اور تفتیش کے بعد رپورٹ سامنے آئی ہے۔

Read Comments