نہ قطار نہ انٹرویو نہ ہی انتظار، سرکاری نوکری کیلئے نیا سسٹم
لاہور: عام انتخابات میں جانے سے قبل روزگار کی فراہمی کے حوالے سے صوبائی حکومت کا اہم اقدام۔ حکومت پنجاب نے صوبے میں گریڈ 11 سے اوپر کی تمام خالی آسامیوں پر آن لائن درخواستوں کے ذریعے بھرتی کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نئی پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے تمام سیکرٹریز کو جاب پورٹل ایک ہفتے میں مکمل فعال کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
گزشتہ روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب عمر رسول کی سربراہی میں انتظامی سیکرٹریز کانفرنس ہوئی۔ جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں گریڈ 11 سے اوپر کی تمام خالی آسامیوں پر صرف آن لائن درخواستوں کے ذریعے بھرتی ہو گی، جبکہ صوبائی محکموں کی تمام خالی اسامیوں کی تفصیلات پنجاب جاب پورٹل پر آن لائن دستیاب ہوں گی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اس ضمن میں تمام سیکرٹریوں کی جاب پورٹل ایک ہفتے میں مکمل فعال کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ امیدوار ایک مرتبہ ہی پنجاب جاب پورٹل پر اپنا پروفائل اور اسناد ا پ لوڈ کریں، سسٹم نہ صرف خود امیدواروں کے شناختی کارڈ سمیت تمام ڈیٹا کی متعلقہ اداروں سے تصدیق کرے گا ، بلکہ سسٹم مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے امیدواروں کی خود ہی شارٹ لسٹنگ بھی کرے گا۔
امیدوار کا پروفائل سسٹم میں محفوظ رہے گا اور دیگر اسامیوں پر اپلائی کرنے کیلئے استعمال ہو سکے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ دیگر محکموں میں مطلوبہ معیار کی نئی اسامیوں کی بھی سسٹم خود امیدوار کو ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع کرے گا اور امیدوار مطلوبہ معیار کی نئی اسامیوں پر صرف ایک کلک کر کے اپلائی کر سکے گا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری عمر رسول نے بتایا کہ پنجاب جاب پورٹل تمام متعلقہ اداروں سے منسلک ایک مربوط نظام ہے۔ امیدوار قابلیت اور تجربے میں اضافے کی صورت میں اپنے پروفائل میں ترمیم کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ گریڈ 11 سے اوپر کی اسامیوں کیلئے درخواستیں دینے کیلئے ڈاک اور کوریئر کا طریقہ کار ختم کیا جا رہا ہے اور پنجاب جاب پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست کے نئے طریقے سے ڈاک اور کورئیر کے اخراجات کی بھی بچت ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک 24 ہزار سے زائد افراد پنجاب جاب پورٹل پر اپنا پروفائل تیار کر چکے ہیں جبکہ 14 محکموں کی 372 اسامیوں پر 29112 آن لائن درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ نئے سسٹم سے روزگار کے متلاشی قابل افراد کی تعداد کا تعین بھی ہو سکے گا۔ انہوں نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ہدایت کی کہ پنجاب کی خود مختاری اتھارٹیز اور کمپنیوں کو بھی سسٹم کا حصہ بنایا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ امیدوار انٹرنیٹ پر www.jobs.punjab.gov.pk پر خالی اسامیوں کیلئے آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔