ملک بھر کے ٹرائل کورٹس میں زیر التوا ءنیب مقدمات کی تفصیلات طلب

اپ ڈیٹ 08 جنوری 2020 11:11am
فائل فوٹو

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے ملک بھر کے ٹرائل کورٹس میں زیر التوا ءنیب مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔

جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے کرپشن کیس میں گرفتاراللہ دینوبھائیوکی ضمانت کی درخواست پرسماعت کی۔

وکیل اللہ دینو بھائیو نے عدالت کوبتایا کہ ملزم ایک سال سے نیب کی حراست میں ہے، اس کی طرف سے آدھی رقم جمع کراتے ہیں، ضمانت دی جائے۔

عدالت نے کہا کہ ابھی ضمانت نہیں دیتے پہلے ریکارڈ منگواتے ہیں کہ ٹرائل کورٹس میں تاخیرکیوں ہورہی ہے۔

سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ملک بھرکے ٹرائل کورٹس میں زیر التوا نیب مقدمات کی تفصیلات بھی طلب کرلیں ۔

 عدالت کا کہنا ہے کہ ٹرائل کورٹس میں نیب کے مقدمات پر سماعت تاخیر کا شکار کیوں ہیں،وجوہات پرمبنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے۔

بعد ازاں عدالت نے اللہ دینو بھائیوکی درخواست ضمانت پرسماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔