پاکستان خطے میں کسی جنگ یا تنازعہ کا حصہ نہیں بنے گا ،شاہ محمود قریشی
فائل فوٹوتہران :وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان خطے میں کسی جنگ یا تنازعہ کا حصہ نہیں بنے گا ،صرف امن میں حصہ داربن سکتا ہے ۔
ایران امریکا کشیدگی اور خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کی کاوشیں جاری ہیں، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ ایران
شاہ محمود قریشی نے ایرانی صدر حسن روحانی اور وزیرخارجہ جواد ظریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں،جس میں پاک ایران تعلقات سمیت ایران امریکا کشیدگی اور خطے میں قیام امن پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران امریکا کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے صبرو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کردی۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ، بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ کا حل ہونا چاہیئے، پاکستان کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا ۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں کسی جنگ یا تنازعہ کا حصہ نہیں بنے گا ، صرف امن میں حصہ داربن سکتا ہے ،صورتحال کی پیچیدگی کے باوجود پاکستان امن کے لیے کام جاری رکھے گا ۔
ایرانی قیادت نے وزیراعظم عمران خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں ایران کشیدگی اور تناؤ میں کمی لانے اورخطے میں امن وسلامتی برقرار رکھنے کوترجیح دیتا ہے،اس ضمن میں ذمہ داری تمام اطراف پر ہے۔
ایران نے ماضی میں عمران خان کے اقدام کی حمایت کی تھی اور موجودہ کوششوں کا بھی خیرمقدم کرتے ہیں۔
دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔












اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔