ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری،حادثات میں 23 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 13 جنوری 2020 11:16am
فائل فوٹو

لاہور،کوئٹہ،سکھر:بلوچستان سمیت ملک کے مختلف شہریوں میں بارش اور برف باری کے باعث مکانات کی چھتیں گرنےاور ٹریفک حادثات میں سے 23افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں دو روز تک جاری رہنے والی برفباری کاسلسلہ آج رک گیا تاہم ہرشےپر سفیدی چھاگئی،جگہ جگہ برف اور شدید ٹھنڈ کے باعث شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

برف باری اور بارش کے باعث چمن،پشین اور ژوب میں چھتیں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 14افراد جاں بحق اور سڑکوں پر پھسلن کےباعث متعدد زخمی ہوگئے ۔

مستونگ سبی لورالائی سمیت اندرون پنجاب کو ملانے والی رابطہ سٹرکیں بھی بلاک ہونے کے باعث درجنوں گاڑیاں پھنس کر رہ گئیں ۔

موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3،زیارت منفی 7،قلات منفی 4ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں یخ بستہ ہواؤں کے چلنے کے باعث مزید ٹھنڈ میں اضافہ ہو گا۔

بارش کے باعث چھتیں  گرنے اور ٹریفک حادثات میں 9افراد جاں بحق

دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث چھتیں  گرنے اور ٹریفک حادثات میں 9افراد جاں بحق اور11زخمی ہوگئے ۔

ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے اموات ہوئیں،راجن میں کچے مکان کی چھت گرگئی، حادثے میں 3افراد جان سے گئےجبکہ 5زخمی ہوگئے ۔

ننکانہ صاحب میں مکان کی چھت گرنے سے 3بچے زخمی ہوگئے،پتوکی میں  پھسلن کی وجہ سےمسافرگاڑی ٹرالی سے جاٹکرائی جس سے 2افراد جاں بحق ہوئے۔

نوابشاہ میں ٹرک کی ٹکرسےجماعت اسلامی سندھ کےنائب امیر عظیم بلوچ سمیت 3افراد جاں بحق ہوگئے۔

سکھر میں مکان کی چھت گرنےسےایک بچی اسپتال میں دم توڑگئی،ملبے تلے دب کر 3افرادزخمی ہوگئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔