احسن اقبال کومزید سات روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے

شائع 13 جنوری 2020 02:07pm

احتساب عدالت نے احسن اقبال کومزید سات روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا۔

 جج محمد بشیر کی رخصت کے باعث احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے  نارووال اسپورٹس سٹی منصوبہ کیس کی سماعت کی۔

نیب پراسیکیوٹر نے مزید 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے کی فیزیبلٹی سٹڈی نہ ہونا بدنیتی کو ظاہرکرتا ہے۔گزشتہ مرتبہ 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جس میں سے دو روز اسمبلی اجلاس میں چلے گئے دستاویزات زیادہ ہونے کی وجہ سے مزید ریمانڈ درکار ہے۔

 وکیل بیرسٹرظفر اللہ نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ 18ویں ترمیم نے ایگزیکٹو فنکشن کا اختیار ختم نہیں کیا،صرف قانون سازی کا اختیارصوبوں کومنتقل کیا۔منصوبہ سیکرٹری فنانس سمیت 20 ممبرز نے منظورکیا لیکن صرف احسن اقبال کو کیوں گرفتارکیا گیا۔

 احسن اقبال نے کیس کوسب سے بڑا لطیفہ قراردیتے ہوئے کہا کہ کوئی کیسینو نہیں بنایا جو سزا دینا ضروری ہے۔ کیا نارووال اسرائیل میں ہے یا انڈیا کا حصہ ہے ؟ منصوبے کو روک کر کھنڈر بنا دیا گیا ہے ۔

 احسن اقبال نے کیس میں وزیراعظم کو شامل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان  نے پراجیکٹ کا بجٹ روکا، ختم کرنے کے اقدامات سے متعلق پوچھا جانا چاہے اور اس جرم پران کا بھی ٹرائل ہونا چاہیئے۔

 احتساب عدالت نے احسن اقبال کا مزید 20 جنوری تک جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا۔