ملک میں کورونا وائرس حکومت اور پی آئی اے کی نااہلی کی وجہ سے آیا،چیف جسٹس
فائل فوٹواسلام آباد:چیف جسٹس گلزار احمد نے کورونا وائرس پھیلنے کا ذمہ دارحکومتی اداروں کو قراردیتے ہوئے ریماکس دیئے کہ ملک میں کورونا وائرس حکومت اور پی آئی اے کی نااہلی کی وجہ سے آیا۔
چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کی تعیناتی کیس کی سماعت کی۔
چیف جسٹس نے کورونا وائرس پر ریمارکس ریمارکس دیئے کہ اس وقت ملک میں ہرجگہ کورونا کی بات ہورہی ہے ،ملک میں کورونا وائرس آتا رہا اس وقت کسی کو فرق نہیں پڑا ، کورونا وائرس پاکستان میں پیدا نہیں ہوا ، ایئرپورٹس اور بارڈرز کے راستے آیا،یہ پی آئی اے اورحکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہوا۔
جسٹس گلزار احمد نے مزید ریمارکس دیے کہ اگر سیکیورٹی کا یہ حال رہا تو کون سی بیماریاں ملک میں آجائیں گی حکومت نے کورونا کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیا اور ہمیں عدالتی کام روک دینے کا کہا ۔
چیف جسٹس نے واضح کیا کہ عدالتی کام کیلئے یہاں موجود ہیں کسی صورت عدالتیں بند نہیں کی جائیں گی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پی آئی اے کے بارے میں کوئی ایک چیز بتائیں جو اچھی ہو، پی آئی اےلوگوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہا ہے،کیا اس کوبند کردیں؟ ،کراچی ایئرپورٹ پر خراب حالات میں جہاز کھڑے ہیں ، ہرخراب چیز ایئرپورٹ پرنظرآتی ہے ، اگرخدا نخواستہ حادثہ ہوا تو لوگوں کا کیا ہوگا ۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ اس ادارے میں ایک حکومت اپنے لوگ بھرتی کرتی دوسری آکر نکال دیتی پھر تیسری نکالے جانے والوں کو لاکھوں روپے دے دیتی ہے ۔
اٹارنی جنرل نے بنچ کے ریمارکس سے اتفاق کیا اور کہاکہ پی آئی اے کے ملازمین نے ایک سابقہ سربراہ کو واش روم میں بھی بند کیا تھا ۔
چیف جسٹس نے مزیدریمارکس دیئے کہ پی آئی اے، اے ایس ایف اورکسٹم لوگوں کوسہولیت فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں ،پی آئی اے میں کوئی پروفیشنلزم نہیں ، پی آئی اے کو کس طرح چلانا ہے ہمیں پتا ہے ،پی آئی اے کے علاوہ بھی کمپنیاں اچھا کام کر رہی ہیں،ادارہ یونین کے ہاتھوں میں دیا تو وہ بند ہی ہو جائے گا، اس کا ذمہ دار کون ہو گا۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔