پانامہ لیکس عالمی ایشو بن گیا ہے یہ کوئی عام معاملہ نہیں،خورشید شاہ
اسلام آباد:قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے حکومت کی جانب سے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کو رد کردیا اور مطالبہ کیا ہے کہ معاملے پر انٹرنیشنل آڈٹ فرم سے آڈٹ کرایا جائے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں پانامہ لیک کے حوالے سے خورشید شاہ نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس عالمی ایشو بن گیا ہے یہ کوئی عام معاملہ نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ججز کو قانون کو پتہ ہوتا ہے ،آڈٹ کا نہیں۔یہ ججز کا کام ہی نہیں اس لیے شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں۔
خورشید شاہ نے جوڈیشل کمیشن کو رد کرتے ہوئے انٹرنیشنل آڈٹ فرم سے آڈٹ کرنے کا مطالبہ کردیا۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ مان لیتا ہوں کاروبارقانونی ہوگا،مگراس کا اخلاقی جواز نہیں۔وزیراعظم کو قوم سے خطاب کرنے کی کیا ضرورت تھی،سمجھ نہیں آرہا،وزیراعظم کوخطاب کے لیے دھکا کس نے دیا۔
اپوزیشن لیڈر کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ آج کل میں جوڈیشل کمیشن کے ارکان کا نام آجائے گا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حاضریاریٹائرڈجج کی کمیشن میں تقرری سے فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے کہا کہ جو انکوائری کمیشن پر مطمئن نہ ہوں وہ معاملہ سپریم کورٹ میں لے جائیں، عدالت کا دروازہ کھلا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ الزام لگانے والوں کی صفوں میں بھی ایسے لوگ شامل ہیں جن کے نام پاناما لیکس میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہر کمپنیوں میں چندے خیرات کے پیسے لگائے گئے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔