عبدالستار ایدھی دنیائے فانی سے کوچ کرگئے
فائل فوٹوکراچی :معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی انتقال کر گئے ۔خاندانی ذرائع نے عبدالستار ایدھی کے انتقال کی تصدیق کردی ہے ۔طبیعت خراب ہونے پر ان کو وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا ،ان کے دونوں گردے خراب ہوگئے تھے اوراسکے علاوہ ذیابیطس سمیت دیگر بیماریاں بھی لاحق تھیں ۔
اس سے قبل عبدالستار ایدھی کو طبیعت زیادہ بگڑنے پر آئی سی یو میں منتقل کیا گیا اور ان کو خوراک بھی مائع کی شکل میں دی جا تی رہی۔ اطلاعات کے مطابق ان کو سانس لینے میں شدید دشوار ی محسوس ہورہی تھی جس کے بعد ان کو آئی سی یو میں منتقل کیا گیا تھا۔
بلقیس ایدھی اور فیصل ایدھی نے ایدھی صاحب کی طبیعت سے متعلق پریس کانفرنس کی اورکہا کہ اب ایدھی کو وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایدھی صاحب کی عمر کی وجہ سے گردے کا ٹرانسپلائنٹیشن ممکن نہیں ہے ۔فیصل ایدھی نے قوم سے ایدھی صاحب کی صحت یابی کیلئے دعاوں کی اپیل کی ۔پریس کانفرنس کے دوران فیصل ایدھی اور بلقیس ایدھی آبدیدہ بھی ہوگئے ۔
دوسری جانب ڈاکٹرز نے تصدیق کی تھی کہ ایدھی صاحب کی حالت تشویشناک تھی اور عمر کی طوالت کی وجہ سے ان کا ٹرانسپلانٹیشن بھی ممکن نہیں ہے جبکہ ان کو سانس لینے بھی دشواری رہی اور ہائپر ٹینشن نے بھی معاملات کو مزید بگاڑ دیا ہے ،تاہم اب عبدالستار ایدھی جانبر نہ ہوسکے ہیں اور کچھ لمحات پہلے خالق حقیقی سے جاملے۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔