Aaj Logo

اپ ڈیٹ 03 مارچ 2018 10:06am

ممکنہ طور پر سال 2030 تک ان 8 چیزوں کا خاتمہ ہوجائے گا

جدید دور میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی نے انسانی زندگی کو کس قدر آسان کردیا ہے یہ بات ہم سب ہی جانتے ہیں۔ جیسے جیسے نت نئے آلات متعارف ہوتے جارہے ہیں پرانے آلات کا استعمال اور ان کی ضرورت میں کمی آتی جارہی ہے۔ جیسے لوہا لوہے کو کاٹتا ہے اسی طرح ٹیکنالوجی ہی مستقبل میں ٹیکنالوجی کا خاتمہ کردے گی۔

آج ہم آپ کو 8 ان چیزوں کے بارے بتائیں گے جن کا ممکنہ طور پر 2030 تک خاتمہ ہوجائے گا۔ کیونکہ ان کی جگہ ٹیکنالوجی کے دوسرے آلات لے سکتے ہیں۔

٭ فون بوتھ

نوّے کی دہائی میں فون بوتھ کا استعمال بہت عام تھا، لوگ دوسرے شہروں میں موجود اپنے عزیز و اقارب سے بات کرنے کے لئے ان کا استعمال کرتے تھے لیکن اب ہمیں بہت کم ہی فون بوتھ نظر آتے ہیں کیونکہ ان کی جگہ موبائل فونز نے لے لی ہے اوریہ ایک غیر ضروری چیز بن گیا ہے۔

٭ آئی پوڈ

آئی پوڈ کو ایپل کمپنی نے متعارف کروایا تھا۔ سنہ 2000 میں آئی پیڈ کو بہت اہمیت حاصل تھی لیکن اب ان کی جگہ اسمارٹ فونز نے لی ہے۔ لوگوں کو یہ سہولت جب ایک ہی ڈیوائس میں مل رہی ہے تو انہوں نے اس کا استعمال بھی ختم کردیا۔ یہی وجہ ہے کہ اس سال اپیل کمپنی نے آئی پوڈ اور اور نینو آئی پوڈ کی پروڈکشن روک دی کیونکہ لوگ اب اسے خریدنا پسند نہیں کرتے۔

٭ ریموٹس

ہماری گھروں میں ایسی بہت سی چیزیں موجود ہوتی ہیں جنہیں ہم ریموٹ سے کنٹرول کرتے ہیں۔ جیسے کہ ٹی وی، واشنگ مشین اور ائیر کنڈیشن وغیرہ۔ لیکن آنے والے وقتوں میں ان اشیاء کو ریموٹ کے بجائے وائس کنٹرول ایپلیکیشن اور موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے کنٹرول کیا جاسکے گا۔

٭ چارجرز

ہم موبائل کو چارج کرنے یا کسی ڈیوائس سے کنیکٹ کرنے کے لئے چارجر اور ڈیٹا کیبل کو استعمال کرتے ہیں، لیکن جلد ہی چارجر کی جگہ وائی فائی کی طرح وائر لیس چارجر ڈیوائسز لے لیں گی۔

٭ چیک بُک

کیا آپ بھی چیک بُک کہیں رکھ کر بھول جاتے ہیں اور پھر وقت پڑنے پر پریشان ہوتے ہیں؟ جلد ہی آپ کی یہ مشکل بھی آسان ہوجائے گی کیونکہ مستقبل میں چیک بُکس کا خاتمہ ہوجائے گا اور آپ یہ کام آن لائن پیمنٹ اور ٹرانسفرنگ فنڈ کے ذریعے کر سکیں گے۔

٭ کیبل ٹی وی

کیبل ٹی وی جہاں وقت کی اہم ضرورت ہے وہیں لوگ اس کے تار سے پریشان بھی نظر آتے ہیں لیکن  مستقبل میں کیبل ٹی وی کی جگہ وائر لیس ڈیجیٹل بکس لے لیں گے۔

٭ کریڈٹ کارڈز

کریڈٹ کارڈ نے ہماری اس مشکل کو آسان کیا ہے کہ ہمیں خریداری کرتے وقت بھاری رقم ساتھ لے کر نہیں جانا پڑتا لیکن مستقبل میں کریڈٹ کارڈز کا استعمال بھی ختم ہوجائے گا اور آپ ہر چیز کا بل بغیر والِٹ کے اپنے اسمارٹ فونز سے ادا کر پائیں گے۔

٭ ڈیجیٹل کیمرہ

مختلف تقریبات میں لوگ تصاویر لینے کے لئے ڈیجیٹل کیمرہ استعمال کرتے ہیں تاکہ پیشہ ورانہ طور پر تصاویر لے کر انہیں یاد گار بنایا جاسکے۔ بہتر طریقہ یہ ہے کہ آپ کیمرہ خریدنے کے لئے جو پیسے خرچ کرتے ہیں، ان سے اپنے موبائل ہی کو اپ گریڈ کرلیں۔ جدید اسمارٹ فونز کے کیمرے بہترین نتائج کی فراہمی کے ساتھ ساتھ استعمال میں بھی آسان ہوتے ہیں۔ ممکنہ طور پر مستقبل میں ڈیجیٹل کیمرے کی جگہ اسمارٹ فونز لے لیں گے۔

بشکریہ : Rd

Read Comments