Aaj Logo

شائع 17 دسمبر 2018 04:07am

لالا کا سرفراز کو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کو مشورہ

کراچی: متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد سرفراز احمد پہلے ہی تنقید کی زد میں ہیں۔ مگر اب اس میں اضافہ سابق کھلاڑیوں کی جانب سے ملنے والے مشورے کے باعث ہوگیا ہے۔

سابق ٹی 20 کپتان شاہد خان آفریدی نے سرفراز احمد کو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفرید ی نے کہا کہ سرفراز احمد کو ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم طرز کی کرکٹ پر توجہ دینی چاہئے اور ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دینا چاہیے۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ قریب ہے، سرفراز احمد ذہنی طور پر پہلے سے تیار رہیں، میں پہلے تینوں فارمیٹس میں سرفراز احمد کی کپتانی کی حمایت میں تھا تاہم اب سرفراز کو چاہئے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کو چھوڑ کر تمام تر توجہ ون ڈے اور ٹی 20 پر مرکوز کرلیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل محسن حسن خان اور ایشین بریڈ مین ظہیر عباس نے بھی سرفراز احمد کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کامشورہ دیا تھا۔

Read Comments