کراچی: انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے، کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ڈالر 20 پیسے مزید سستا ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بدھ کے روز انٹربینک میں ڈالر 20 پیسے مزید سستا ہوا ہے جس سے اس کی قدر 158 روپے 69 پیسے سے کم ہوکر 158 روپے 49 پیسے ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل کمی کا رجحان دیکھا جارہا ہے، 14 اکتوبر سے اب تک امریکی کرنسی کی قدر 5 روپے 38 پیسے کم ہوچکی ہے۔
13 اکتوبر کو انٹربینک میں ڈالر 163 روپے 87 پیسے جبکہ آج 158 روپے 49 پیسے پر بند ہوا ہے۔ اس ایک ماہ سے بھی کم عرصے کے دوران امریکی کرنسی کی قدر 5 روپے 38 پیسے کم ہوچکی ہے۔