Aaj Logo

شائع 05 ستمبر 2021 02:00pm

'میری کامیابی ثابت کرتی ہے کہ ٹرانس جینڈرز کسی سے کم نہیں'

ملکی تاریخ کی پہلی مس ٹرانس شاہرہ رائے کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان کی پہلی بیوٹی کوئین بننے کی بےحد خوشی ہے۔

نجی ویب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں شاہرہ رائے نے کہا کہ ان کی کامیابی ثابت کرتی ہے کہ ٹرانس جینڈر بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔

شاہرہ رائے نے بتایا کہ ان کا تعلق سیالکوٹ سے ہے لیکن وہ لاہور میں پیدا ہوئیں اور دس سال کی عمر میں دبئی چلی گئیں۔ زیادہ تر وقت باہر گزارا اور تعلیم بھی وہیں سے حاصل کی۔

شاہرہ رائے نے اے لیول کے بعد ماس کمیونیکیشن میں ماسٹرز بھی کیا۔ مس ٹرانس کا اصل نام ذائشہ بیگ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں اس مقام تک پہنچانے میں ان کے بھائی کا بڑا کردار ہے۔

شاہرہ رائے کا مزید کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان کا نام پوری دنیا میں عزت سے لیا جائے۔ گرین پاسپورٹ کو اس کا اصل مقام ملے۔

مس ٹرانس نے کہا کہ انہیں موقع ملا تو وہ خواتین اور ٹرانس کمیونٹی سمیت اقلیتی برادری کے لیے ضرور کام کریں گی۔

واضح رہے کہ مس ٹرانس مقابلہ کینیڈا میں ہوا تھا۔ فائنل میں شاہرہ رائے نے 10 شرکاء کو ہرا کر مس پاکستان بیوٹی کوئین کا اعزاز اپنے نام کیا۔

Read Comments