Aaj Logo

شائع 24 مئ 2022 06:57pm

عمران خان نے پارٹی کارکنان کو لانگ مارچ کی رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت کردی

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کارکنان کو رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت کردی ہے۔

پشاور میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے تمام احتجاج آئین اور قانون کے دائرے میں کیے، ہم نے کسی کو کبھی کوئی نقصان نہیں پہنچایا اسی لئے کل جو رکاوٹیں ہوں گی اسے ہٹانا نوجوانوں کی ذمہ داری ہوگی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ امریکیوں کے غلام، بڑے بڑے مجرموں کو ہم پر مسلط کیا گیا، ان لوگوں نے ہمارے خلاف پنجاب اور سندھ میں کریک ڈاؤن اس طرح کیا جیسے ہم کوئی غداری کررہے ہیں، گھروں میں گھس کر خواتین کو بھی ہراساں کیا اور لوگوں کو پکڑ پکڑ کر جیلوں میں ڈالا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مخالفین نے ہمارے خلاف جتنے احتجاج کئے ہم نے انہیں کھلی اجازت دی، اب عدلیہ، پولیس اور ہمارے نیوٹرلز کا امتحان ہے کہ کون سے لوگ قانون پر چلتے ہیں جب کہ کون ان کرپٹ لوگوں کے حکم پر عمل کرتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا یہ سب سے بڑا جلوس ہوگا، کل پشاور سے نکلوں گا جہاں نوجوان میرے ہمراہ ہوں گے جو تمام رکاوٹیں ہٹادیں گے اور جو بھی عوام کے سمندر کو روکنے کی کوشش کرے گا وہ بہہ جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم اس امپورٹڈ حکومت کو کبھی منظور نہیں کرے گی، یہ سیاست نہیں جہاد اور ملکی آزادی کی جنگ ہے، عوام کی ہر چیز کی تیاری ہونی چاہیے کیونکہ یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک امپورٹڈ حکومت ختم نہیں ہوگی۔

Read Comments