Aaj Logo

اپ ڈیٹ 15 اگست 2022 06:17pm

بھارت کے یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر میں آج یوم سیاہ منایا جارہا ہے

بھارت کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں آج یوم سیاہ منایا جارہا ہے۔

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں۔

حریت قیادت کی کال پر بھارت کے یوم آزادی پرمقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے جبکہ وادی میں جگہ جگہ قابض بھارتی فوج تعینات ہے۔

قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف مظاہرے اور احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

دنیا بھر میں بھی کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھارت مخالف مظاہرے ہوں گے۔

15 اگست کشمیریوں کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، مشعال ملک

دوسری جانب بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے حریت رہنمایاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ 15اگست کشمیریوں کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے،پچھلے75سالوں سے ہندوستان نے ہمارا آزادی کا حق چھین رکھاہے، کشمیریوں کی آزادی تک بھارت کایوم آزادی یوم سیاہ کے طورمنایا جائے گا۔

مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت مسلسل ظلم وجبرکے پہاڑتوڑرہا ہے، یاسین ملک کوجھوٹے مقدمات میں عمر قیدکی سزا سنائی گئی ہے لیکن انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیرمیں مظالم پرخاموش تماشائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا انسانی حقوق کی تنظیموں سے سوال ہے کہ کیا مقبوضہ کشمیرمیں انسان نہیں ہیں۔

بھارت مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

ادھربھارت کے یوم آزادی پر اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے، حق خودارادیت تک ہندوستان کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا، دنیا بھرمیں موجود کشمیریوں سے اپیل ہے بھارت کے خلاف احتجاج کرے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل ظلم کے پہاڑتوڑرہا ہے، دنیا مقبوضہ کشمیرمیں مظالم پر خاموش تماشائی ہے، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیرپراپنی قراردادوں پرعمل درآمد کروائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت جبری طور کشمیریوں پر اپنی مرضی نہیں تھوپ سکتا، ایشیاء میں ترقی کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر سے گزرتا ہے۔

Read Comments