مونگ پھلی سے ہونے والی  الرجی کا شکارلوگوں کیلئے خوشخبری

شائع 20 اگست 2017 07:15pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ مونگ پھلی سے الرجی کے علاج کیلئے استعمال کی گئی ایک دوائی کا اثر چار سال بعد بھی موجود ہے۔

اس تحقیق میں بچوں کو 18 ماہ تک ہر روز ایک پروبائی اوٹک دوا روزانہ دی گئی اور پھر جب ان کا ٹیسٹ کیا گیا تو ایک ماہ بعد تک ان میں 80 فیصد تک مونگ پھلی استعمال کر سکتے تھے اور چار سال بعد تک 70 فیصد مونگ پھلی استعمال کر سکتے تھے۔

گذشتہ کئی سالوں میں مختلف کھانوں سے الرجی کے امراض میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور مونگ پھلی سے الرجی ان میں سے مہلک ترین ہے۔

اس تحقیقی ٹیم کی سربراہ میمی تانگ نے بتایا کہ تحقیق میں شامل آدھے بچے اب مونگ پھلیوں کا باقاعدہ استعمال کر رہے ہیں جبکہ باقی کبھی کبھی مونگ پھلیاں کھاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس تحقیق کی اہمیت یہ ہے کہ یہ بچے بھی عام بچوں کی طرح مونگ پھلیاں استعمال کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ مونگ پھلی سے الرجی کے علاج میں ایسی دوا دریافت ہوئی ہے جس کا اتنے طویل عرصے تک اثر رہتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ وہ اب اس بات کا اندازہ لگانا چاہتے ہیں کہ اس علاج سے بچوں کے معیارِ زندگی پر کیا اثر پڑا ہے۔ دنیا بھر میں 25 کروڑ لوگ مختلف کھانوں سے الرجی کا شکار ہیں اور یہ تعداد گذشتہ 20 برسوں میں تین گنا بڑھی ہے۔

مونگ پھلی سے الرجی سب سے زیادہ جان لیوا اور سب سے زیادہ تیزی سے بڑھنے والی الرجی ہے۔

بشکریہ بی بی سی اردو