محسن نقوی کی عباس عراقچی سے ملاقات، فیلڈ مارشل کا خصوصی خط پہنچا دیا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکراتی عمل، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق محسن نقوی نے ملاقات کے دوران ایرانی سپریم لیڈر کے نام ایک خصوصی خط بھی عباس عراقچی کے حوالے کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق محسن نقوی نے ملاقات کے دوران ایرانی سپریم لیڈر کے نام ایک خصوصی خط بھی حوالے کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ خط پاکستان کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے اہم سفارتی پیغام پر مشتمل ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق محسن نقوی اپنے دورے کے دوران ایران کی دیگر اعلیٰ شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جبکہ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق وزیر داخلہ روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سمیت ملک کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے مشاورت کر چکے تھے۔ وزیراعظم نے انہیں دورے کے حوالے سے اہم ہدایات بھی جاری کی تھیں۔
روانگی سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے مشاورت کی، وزیراعظم شہباز شریف نے محسن نقوی کو اہم ہدایات جاری کیں۔ تہران دورے کے دوران وزیر داخلہ ایرانی قیادت سے مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور پاکستان کا مؤقف اعلیٰ سطح پر پیش کریں گے۔
محسن نقوی ایرانی حکام تک فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام بھی پہنچائیں گے۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، سرحدی تعاون، علاقائی سلامتی اور باہمی دل چسپی کے دیگر معاملات زیر غور آنے کا امکان ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق محسن نقوی نے حال ہی میں کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے داخلہ اجلاس کے موقع پر اپنے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے دو ملاقاتیں کی تھیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس کے بعد محسن نقوی لاہور واپس آئے اور اب وہ پاکستان سے تہران کے لیے روانہ ہو گئے۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ رواں سال کے دوران کئی مرتبہ ایران کا دورہ کر چکے ہیں۔
اپریل اور مئی 2026 میں اپنے سابقہ دوروں کے دوران محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی تھیں۔
ارنا کے مطابق یہ سفارتی سرگرمیاں اپریل 2026 میں شروع ہونے والے اس عمل کا حصہ ہیں جب وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور امریکا کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کی تجویز پیش کی تھی اور پاکستان نے ثالثی کے کردار کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔
بعد ازاں اسلام آباد میں ایرانی اور امریکی وفود کے درمیان 21 گھنٹے تک مذاکرات ہوئے، تاہم فریقین کسی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے۔ اس کے بعد سے پاکستانی اعلیٰ حکام، جن میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شامل ہیں، تہران کے متعدد دورے کر چکے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے حال ہی میں کہا تھا کہ فریقین تنازع کے خاتمے سے متعلق مفاہمتی یادداشت کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے آخری مراحل میں ہیں۔ مبصرین کے مطابق محسن نقوی کا موجودہ دورہ خطے میں جاری سفارتی کوششوں کے تناظر میں اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔