حوثی ملیشیا کے دو سعودی آئل ٹینکرز پر حملوں کا دعویٰ

حوثیوں نے رواں ہفتے پیر کے روز سے سعودی عرب پر سمندری محاصرہ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا
شائع 23 جولائ 2026 08:47am

ایران کی اتحادی یمنی حوثی ملیشیا نے جمعرات کے روز بحرِ احمر میں سعودی عرب کے دو تیل بردار ٹینکرز پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

حوثیوں کے مطابق یہ حملے سعودی عرب کی سمندری ناکہ بندی کو نافذ کرنے کے عمل کا حصہ ہیں۔

حوثی باغیوں کی جانب سے جن دو ٹینکرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے ان میں سے ایک کا نام ’اینسیلیا‘ اور دوسرے کا ’لیلیٰ‘ بتایا گیا ہے۔

یمن سے تعلق رکھنے والے یہ جنگجو باب المندب کے اہم سمندری راستے کے قریب واقع علاقوں پر قابض ہیں، جو خطے میں بحری تجارت کے لیے ایک نہایت اہم نقطہ سمجھا جاتا ہے۔

اس حوالے سے سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ایک سرکاری ذرائع کے حوالے سے رپورٹ شائع کی ہے، جس میں تصدیق کی گئی ہے کہ ”سعودی ملکیت والے جہاز اینسیلیا کے تمام عملے کے اراکین مکمل طور پر محفوظ ہیں“۔

ذرائع کے مطابق یہ جہاز جب بحرِ احمر میں سفر کر رہا تھا تو اسے نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے جہاز کے اگلے حصے میں آگ بھڑک اٹھی۔

سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ ”حکام نے جہاز اور اس کے عملے کو محفوظ بنانے اور سمندری ماحول کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اور فوری اقدامات کر لیے ہیں“۔

رپورٹ کے مطابق، اینسیلیا نے بدھ کی دیر رات سعودی بندرگاہ جیزان کے قریب میزائل لگنے کی خبر دیتے ہوئے مدد کی اپیل بھیجی تھی۔

برطانیہ کے سمندری خطرات کا جائزہ لینے والے ادارے ’یو کے ایم ٹی او‘ کا کہنا ہے کہ سعودی پرچم برداراس ٹینکر کو سعودی عرب کے علاقے الشقیق کے جنوب مغرب میں ایک نامعلوم شے سے نشانہ بنایا گیا۔

تاہم حوثیوں کی جانب سے لیلیٰ نامی دوسرے جہاز پر حملے کے دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

حوثیوں نے رواں ہفتے پیر کے روز سے سعودی عرب پر سمندری محاصرہ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا، جسے تجزیہ کار امریکا کے ساتھ جنگ میں مزید دباؤ بڑھانے کی کوشش کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

اس ابھرتی ہوئی تشویشناک صورتحال کی وجہ سے بدھ کے روز پانچ ٹینکروں نے خطرے سے بچنے کے لیے اپنا راستہ تبدیل کر لیا تھا، جبکہ اس سے قبل منگل کو چین اور بھارت جانے والے سعودی تیل سے لدے تین جہاز بھی راستے سے واپس مڑ چکے تھے۔

پاکستان نے بھی گزشتہ روز حوثی باغیوں کی جانب سے جہازوں کی دی جانے والی دھمکیوں پر انہیں خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پاکستانی جہازوں کا نشانہ بنایا گیا تو ہم طاقت کے استعمال کا حق رکھتے ہیں۔