آبنائے ہرمز میں ایران کے ہر حملے کے جواب میں ایک پل یا بجلی گھر تباہ ہوگا: صدر ٹرمپ

ایران نے آبنائے ہرمز میں کسی بھی تجارتی جہاز پر حملہ کیا تو امریکہ فوجی کارروائی کرے گا: صدر ٹرمپ
اپ ڈیٹ 22 جولائ 2026 07:11pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں کسی بھی تجارتی جہاز پر حملے کا جواب فوجی کارروائی کی صورت میں ملے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ اگر ایران نے اب آبنائے ہرمز میں کسی بھی جہاز پر میزائل، راکٹ، ڈرون یا کسی بھی دوسرے ہتھیار کے ذریعے حملہ کیا تو امریکا اس کے جواب میں ایران کے ایک پل یا بجلی گھر کو تباہ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب تہران کے اطراف یا دارالحکومت میں موجود بجلی گھر بھی امریکی کارروائی کی زد میں آ سکتے ہیں۔

مفاہمتی یادداشت کی معطلی کے اعلان کے بعد امریکی فوج کی جانب سے مسلسل گیارہ روز سے ایران پر حملے جاری ہیں۔ جنگ کے دوسرے مرحلے میں امریکا نے ایران کے جنوبی ساحل اور جزائر کو خصوصی طور پر نشانہ پر رکھا ہوا ہے جب کہ ایران کی جوابی کارروائیوں میں اب تک 4 امریکی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

ایران جنگ میں ہلاک چاروں امریکی فوجیوں کی میتیں آج ریاست ڈیلاویئر پہنچ رہی ہیں، جہاں ڈوور ایئربیس میں انکے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔

تقریب میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’وہ ایران جنگ میں مرنے والے فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے جارہے ہیں اور بطورِ صدر یہ میرے لیے سب سے مشکل کاموں میں سے ایک ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ایران کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہ ہی ہونے چاہئیں اور نہ کبھی ہوں گے۔‘