کراچی میں کل سے مزید تیز ہوائیں چلنے کا امکان

اپ ڈیٹ 01 جنوری 2020 10:14am
فائل فوٹو

کراچی مطلع جزوی ابرآلودہے، صبح سے تیز ٹھنڈی ہواوں نے شہریوں کو گھروں میں محصور کردیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کل سے مزید تیز ہوائیں چلیں گی، سردی کی حالیہ لہر 3دن تک برقرار رہے گی۔

موسمیاتی تبدیلی کے اثرات شہرقائد پر بھی پڑنا شروع ہوگئے،سردی کی حالیہ لہر نے شہر کو ملک کے بالائی علاقوں کی ٹھنڈ میں تبدیل کردیا ۔

صبح سویرے چلنے والی یخ بستہ تیز ہواوں نے شہر کے موسم کو ٹھنڈا ٹھار کردیا، شہر کے باسی گھروں میں محصور ہوگئے،  سڑکوں پر سناٹا چھا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ پارہ مزید نیچے آئے گا،شہر میں شمال مشرق سے 26کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواچل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا کہ ہوا کی شدت میں مزید بڑھے گی، کل سے تیز ہوائیں چلیں گی موسم مزید سرد ہوگا۔

شہر میں صبح سے ہی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہری ٹھٹھر کر رہ گئے،موٹرسائیکل سوار افراد تو زیادہ پریشانی کا سامنا ہے، سر پر ٹوپی ہاتھوں میں دستانے اور جیکٹس پہنے شہری محوسفر دکھائی دیے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ہے،آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔