پاک بنگلہ دیش سیریز کی سیکیورٹی کے لیے لاہور پولیس نے کمر کس لی

اپ ڈیٹ 21 جنوری 2020 11:07am
فائل فوٹو

لاہور:پاک بنگلہ دیش سیریز کی سیکیورٹی کے لیے لاہور پولیس نے کمر کس لی،10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے،شہریوں کی سہولت کے لیےٹریفک اور پارکنگ کا بھی جامع پلان تیار کر لیا گیا۔

پاک بنگلہ دیش ٹی20سیریزکے لیے پولیس کی جانب سے فل پروف سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق قذافی اسٹیڈیم، اطراف، ٹیم روٹ اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر 10ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے، تھری لیئر سیکیورٹی چیکنگ سے گزر کر شائقین کرکٹ اسٹیڈیم میں داخل ہوں گے۔

 ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید کا کہنا ہے کہ رینجرز اور پاک فوج کے دستے ریزرو پر ہوں گے،مال روڈ، کینال روڈ اور مین بلیوارڈ روڈ وی آئی پی موومنٹ کے بعد کھلے رہیں گے۔

 سی ٹی او لیاقت علی ملک کا کہنا ہے کہ 500 سے زائد ٹریفک افسران کو دوسرے اضلاع سے بلوایا گیا ہے جبکہ شہریوں کے لیے 6مقامات پر پارکنگ پوائنٹ بنائے گے ہیں۔

 اسٹیڈیم اور روٹ پر سیف سیٹیز کے کیمروں اور فضا سے بھی نظر رکھی جائے گی، شائقین کرکٹ کے لیے ٹکٹ اور اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا ضروری قرار دیا گیا ہے۔