کیٹی بندر میں تیز ہواؤں کے باعث سمندر بپھر گیا، پانی آبادیوں میں داخل

3 گاؤں میں پانی کے تیز بہاؤ سے شگاف پڑ گئے
شائع 11 جون 2026 02:23pm

ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے کیٹی بندر میں تیز ہواؤں کے باعث سمندر بپھر گیا، جس کے نتیجے میں بلند لہریں حفاظتی بند توڑ کر آبادیوں میں داخل ہوگئیں۔ کئی گھروں میں پانی داخل ہونے کے بعد مقامی مکینوں نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے کیٹی بندر میں تیز ہواؤں کے باعث سمندری لہریں بلند ہوگئیں، جس کے نتیجے میں متعدد ساحلی دیہات سمندری پانی کی لپیٹ میں آ گئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق سمندری کٹاؤ سے دیہاتوں کو بچانے کے لیے تعمیر کیا گیا حفاظتی بند شدید دباؤ برداشت نہ کر سکا اور ٹوٹ گیا، جس کے بعد سمندری پانی تیزی سے آبادیوں کی جانب بڑھنے لگا۔

پانی کے شدید بہاؤ کے باعث کم از کم تین دیہات میں شگاف پڑ گئے، جبکہ کئی علاقوں میں سمندری پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ صورتحال کے پیش نظر متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے اپنے اہل خانہ اور ضروری سامان کے ساتھ محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سمندری کٹاؤ سے بچاؤ کا بند پہلے ہی کمزور ہو چکا تھا، جس کے باعث بلند لہروں کے سامنے زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکا۔ مقامی افراد نے متعلقہ حکام سے فوری امدادی اقدامات اور حفاظتی انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متاثرہ علاقوں میں صورتحال تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور مزید سمندری پیش قدمی کے خدشات موجود ہیں۔