ہنگو میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 خوارج ہلاک، کیپٹن حمزہ اکرم شہید

مسجد میں پناہ لینے والے دہشت گرد بھی مارے گئے، بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد، کلیئرنس آپریشن جاری
شائع 08 اگست 2026 08:52am

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم بھی جامِ شہادت نوش کر گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر متعدد حملوں میں ملوث تھے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے دوران خوارج نے ایک مسجد میں پناہ لی اور عبادت گاہ کی حرمت کو پامال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے نہایت مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مسجد میں چھپے سمیت تمام 7 خوارج کو ہلاک کردیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی قیادت کرنے والے 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن حمزہ اکرم کا تعلق ضلع نارووال سے تھا اور وہ اپنے جوانوں کی فرنٹ لائن سے قیادت کرتے ہوئے خوارج کا مسلسل تعاقب کر رہے تھے۔ انہوں نے وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جان قربان کردی۔

بیان کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کا سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں ملک کے دفاع اور امن کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، جبکہ پاکستان کی سلامتی اور امن کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز اپنا مشن ہر قیمت پر جاری رکھیں گی۔