پاکستانی سفیر کا معروف امریکی ٹیکسٹائلز کا دورہ، تجارتی تعاون کے فروغ پر زور
امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ریاست انڈیانا میں قائم معروف ٹیکسٹائل کمپنی کیلڈرون ٹیکسٹائلز کا دورہ کیا، جہاں انہیں کمپنی کے آپریشنز، جدید ویئرہاؤسنگ سہولیات، ملک گیر سپلائی نیٹ ورک اور پاکستان کے ساتھ جاری تجارتی روابط کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سفیر رضوان سعید شیخ نے دورے کے دوران کیلڈرون ٹیکسٹائلز کے ہیڈکوارٹرز اور ڈسٹری بیوشن سینٹر کا تفصیلی معائنہ کیا۔ کمپنی صحت اور طب کے شعبوں کے لیے ٹیکسٹائل مصنوعات فراہم کرنے والی نمایاں امریکی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔
کمپنی حکام نے پاکستانی سفیر کو ادارے کے مختلف شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور اس کے آپریشنز، جدید گوداموں، مصنوعات کی ترسیل کے نظام اور امریکا بھر میں قائم سپلائی نیٹ ورک سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور کیلڈرون ٹیکسٹائلز کے درمیان جاری تجارتی روابط اور مستقبل میں تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رضوان سعید شیخ نے کیلڈرون ٹیکسٹائلز کے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تجارتی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کے اعلیٰ معیار، قابلِ اعتماد پیداوار اور عالمی مسابقتی صلاحیت کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان نجی شعبے کی سطح پر قائم تجارتی روابط دونوں ممالک کے باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کی ایک بہترین مثال ہیں۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان جامع اقتصادی اصلاحات کے نفاذ، شفافیت اور کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے دوطرفہ تجارت کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط نئی تجارتی راہیں ہموار کرنے اور دوطرفہ تجارت میں اضافے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
رضوان سعید شیخ کے مطابق دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور امریکا کے درمیان سیاسی روابط اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
دورے کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں تجارت اور کاروباری روابط کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔















